وزیر اعظم سے انسداد پولیو ٹیم کی ملاقات، انسداد پولیو کی حالیہ مہم اور اسکے نتائج پر بریفنگ دی گئی

پولیو ورکرز کی سیکیورٹی کو کسی طور پر انداز نہیں کیا جاسکتا اور اس سلسلے میں تمام تر ممکنہ اقدامات لئے جائیں، شہبازشریف

پیر 30 دسمبر 2024 16:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 دسمبر2024ء) وزیر اعظم شہبازشریف نے ہدایت کی ہے کہ پولیو ورکرز کی سیکیورٹی کو کسی طور پر انداز نہیں کیا جاسکتا اور اس سلسلے میں تمام تر ممکنہ اقدامات لئے جائیں، انسداد پولیو مہم کے دوران متعلقہ افراد کے پولیو سے زیادہ متاثرہ علاقوں کے دوروں کا منظم روسٹر ترتیب دیا جائے،بدقسمتی سے پاکستان میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، جس کے لئے اور زیادہ مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے ۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے انسداد پولیو ٹیم نے ملاقات کی جس میں وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ ، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو محترمہ عائشہ رضا فاروق ، وفاقی سیکرٹری قومی صحت ندیم محبوب ،نیشنل کوآرڈینیٹر ،نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر انوار الحق ، عالمی ادارہ صحت کے ڈپٹی نیشنل ٹیم لییڈ ڈاکٹر صوغائر اور سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کے سینئر ایڈوائزر ڈاکٹر محمد صفدر شامل تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہاکہ کو -چیئر بل اینڈ میلینڈا گیٹس فاؤنڈیشن محترم بل گیٹس نے مجھے خط لکھا ھے جس میں انہوں نے پاکستان میں جاری انسداد پولیو مہم اور اس مہم کے لئے کام کرنے والے تمام انسداد پولیو ورکرز کی شبانہ روز محنت تعریف کی ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ بل گیٹس فاؤنڈیشن اور تمام ملکی و بین الاقوامی شراکت دارو کے مشکور ہیں جنکی حمایت اور تعاون کی بدولت پاکستان میں صحت کے شعبے میں اہم اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور پولیو کو پاکستان سے ختم کرنے کے لئے مشترکہ کوششیں کی جارہی ہیں ۔

وزیر اعظم نے کہاکہ صحت کے تمام شعبوں، بشمول انسداد پولیو، میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو بڑھایا جا رہا ہے تاکہ صحت عامہ اور دیکھ بھال کی نگرانی کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے اور بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ انسداد پولیو مہم کے دوران متعلقہ افراد کے پولیو سے زیادہ متاثرہ علاقوں کے دوروں کا منظم روسٹر ترتیب دیا جائے، تاکہ ان مہمات کو اور زیادہ نتیجہ خیز بنایا جا سکے ۔

شہبازشریف نے کہاکہ بدقسمتی سے پاکستان میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، جس کے لئے اور زیادہ مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے ۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ پولیو ورکرز کی سیکیورٹی کو کسی طور پر انداز نہیں کیا جاسکتا اور اس سلسلے میں تمام تر ممکنہ اقدامات لئے جائیں ۔وزیر اعظم کو انسداد پولیو کی حالیہ مہم اور اسکے نتائج پر بریفنگ دی گئی ۔وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ مقامی افراد کی مدد سے انسداد پولیو تحریک کو کامیاب بنایا جا رہا ہے۔