اوپن یونیورسٹی غریب بچوں کو فیسوں میں رعایت فراہم کرے گی ، ہر پاکستانی کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہے، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود

اتوار 29 دسمبر 2024 16:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 دسمبر2024ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی یکم جنوری سے شروع ہونے والے سمسٹر بہار 2025کے میٹرک تا پی ایچ ڈی پروگرامز کے داخلوں میں غریب، مستحق اور ضرورت مند بچوں کوفیسوں میں رعایت فراہم کرے گی، ہر پاکستانی کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہے، ہمارا واحد مقصد ہر گھر کو تعلیم کی روشنی سے منور کرنا ہے۔

ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اِن خیالات کا اظہار یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے سمسٹر بہار 2025ء کے داخلوں میں غریب بچوں کی فیسوں میں رعایت، اسکالرشپ برائے(کمیونٹی اسکیم)اور میٹرک فری ایجوکیشن پلان کی تفصیلات بتاتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر ناصر محمود کا کہنا تھا کہ اسکالرشپ برائے کمیونٹیز اسکیم کے ذریعے معاشرے کے پسماندہ گروپوں کو مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے، معذور افراد، شہدا کے بچے، اسیران جیل اور خواجہ سراء اس اسکیم سے فائدہ حاصل کرسکتے ہیں، اس اسکیم میں SOPsکے تحت 50فیصد سے لے کر 100فیصد تک طلباء کو فیس میں رعایت دی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میٹرک فری ایجوکیشن پلان کے تحت سابقہ فاٹا، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے بچوں کو یونیورسٹی میٹرک کی تعلیم مفت فراہم کرتی ہے۔یاد رہے کہ یونیورسٹی سمسٹر بہار 2025ء کے میٹرک تا پی ایچ ڈی پروگرامز کے داخلوں کا یکم جنوری سے آغاز کررہی ہے۔ طلباء و طالبات مالی معاونت کی اِن اسکیموں سے فائدہ اٹھانے کے لئے اپنے اپنے علاقائی دفاتر سے رابطہ کریں اور فارم حاصل کرکے مالی معاونت کے لئے اپلائی کریں۔واضح رہے کہ بغیر درخواست فارم جمع کرائے طالب علم فیس میں رعایت کا مستحق نہیں ہوگا۔