حکومت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کر رہی ،آئی ٹی انڈسٹری کو 25ارب ڈالر تک پہنچانا اولین ترجیح ہے ،رانا مشہود احمد

آئندہ سال کا بجٹ آئی ایم ایف کے بغیر لے کر آئیں گے،ففتھ جنریشن وار کے ذریعے پاکستان کی بنیاد ،اساس پر حملے کئے جارہے ہیں،پاکستان کو شام ، لیبیا اور عراق بنانے کی تمام کوششیں ناکام بنا دیں گے،چیئر مین وزیر اعظم یوتھ پروگرام

جمعرات 26 دسمبر 2024 19:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 دسمبر2024ء)وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کیلئے مساوی مواقع فراہم کر رہی ہے ،پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر میں بے حدٹیلنٹ موجود ہے،آئندہ سال کا بجٹ آئی ایم ایف کے بغیر لے کر آئیں گے، آئی ٹی انڈسٹری کا فروغ موجودہ حکومت کا مشن ہے،2.5بلین ڈالر کی آئی ٹی انڈسٹری کو اگلے چار برسوں میں 25بلین ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں،ففتھ جنریشن وار کے ذریعے پاکستان کی بنیاد ،اساس پر حملے کئے جارہے ہیں،پاکستان کو شام ، لیبیا اور عراق بنانے کی تمام کوششیں ناکام بنا دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں مقامی ہوٹل میں آئی ٹی کمپنی ٹیک ایزورٹ کے زیراہتمام ایوارڈز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ٹیک ایزورٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر آفتاب احمد سمیت کمپنی سے وابستہ آئی ٹی ماہرین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کاویژن ہے کہ پاکستان کی آئی انڈسٹری کو ہر صورت بہتر بنانا ہے،حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ کاروباری افرادکی مدد کرنا ہے، آئی ٹی سیکٹر کی ترقی کیلئے حکومت تمام سہولتیں فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو پلیٹ فارم مہیا کیا جائے تو آفتاب احمد جیسے کامیاب کاروباری حضرات نظر آئیں گے،نوجوانوں کو آفتاب احمد جیسے کامیاب افراد کو اپنا رول ماڈل بنانا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ پہلے غریب گھرانوں کے بچے کامیاب ہو کر اپنا آپ چھپاتے تھے مگر آج اس کے سب الٹ ہے، اب لوگ کامیاب ہو کر اپنا آپ بتاتے ہیں اور یہ بہت فخر کی بات ہے، وہ پورے پاکستان میں مختلف تقریبات میں شرکت کرتے ہیں، چند روز قبل کوئٹہ اور اسلام آباد میں مختلف شعبوں میں کامیاب ہونے والے نوجوانوں سے ملاقات ہوئی تو زیادہ تر کے والدین مزدور پیشہ تھے لیکن ان نوجوانوں نے شرمانے کی بجائے اپنی کامیابی کا سہرا والدین کی تربیت اور محنت کو قرار دیا ۔

رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ محمد نواز شریف جب وزیر اعظم تھے تو انہوں نے 1997-98میں بل گیٹس سے ملاقات کرکے پاکستان میں آپٹیکل فائبر بچھا کر آئی ٹی سیکٹر میں انقلاب برپا کیا، یہ اس وقت کے وزیراعظم کا قوم کو بہت بڑا تحفہ تھا لیکن ان کے جانے کے بعد بدقسمتی سے اتنی تیزی سے کام نہیں ہوا جتنا ہونا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہاکہ 2015 میں یورپ میں مائیکرو سافٹ کے ہیڈ آفس گئے تو وہاں موجود ماہرین نے کہا کہ اگر پاکستان نے آئی سیکٹر میں اپنا حصہ نہ ڈالا تو ان کا ملک بہت پیچھے رہ جائے گا،اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس وقت کی حکومت نے تعلیمی اداروں میں نوجوانوں کو لیپ ٹاپ فراہم کئے ، مختلف اداروں میں وائی فائی کی مفت سہولت فراہم کی۔

انٹرنیٹ کی سپیڈ کے حوالے سے رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ یہ وقتی مسائل ہیں نئے سال میں یہ مسائل حل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر جو ففتھ جنریشن وار مسلط کی گئی وہ مایوسی کے سوا کوئی اور بات نہیں سکھاتی حالانکہ دنیا کا ہر مذہب کہتا ہے کہ مایوسی گناہ ہے، ففتھ جنریشن وار کے ذریعے پاکستان کی بنیاد اور اساس پر ہر طریقے سے حملہ کیا جا رہا ہے، پاکستان کو شام ، لیبیا اور عراق بنانے کی تمام کوششیں ناکام بنا دیں گے۔ رانا مشہود احمد خان نے قوم کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ انشااللہ قوم آئندہ بجٹ ائی ایم ایف کے بغیر دیکھے گی۔اس موقع پر رانا مشہود احمد خان نے بہترین کارکردگی کی بنیاد پر ایمپلائز میںگاڑی،موٹر سائیکلز اورعمرہ کے ٹکٹس سمیت 2پلاٹس بھی تقسیم کئے ۔