رفعت مختار نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے انسپکٹر جنرل کے عہدے کا چارج سنبھال لیا

نئے انسپکٹر جنرل پولیس کا ادارے کو مزید مضبوط اور عوام کی خدمت کے عزم کا اظہار،یاد گاری شہدا پر حاضری، درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعاء

جمعرات 26 دسمبر 2024 19:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 دسمبر2024ء)نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس میں تعینات ہونیوالے نئے انسپکٹر جنرل پولیس(پی ایس پی) گریڈ(21)کے پولیس افسررفعت مختار نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔ رفعت مختار نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے 23ویںانسپکٹر جنرل پولیس ہیں۔ اس سے قبل آپ وزارت داخلہ میں بطو ر ایڈیشنل سیکرٹری اپنی خدمات سر انجام دے رہے تھے۔

دوران سروس انہوں نے مختلف اہم عہدوں پر کام کیا۔ جس میں سر فہرست ان کی بطور انسپکٹر جنرل پولیس سندھ تعیناتی ہے۔ آئی جی رفعت مختار بطورآر پی اوگوجرانوالہ، ملتان، فیصل آباد اور بہاولپور بھی اپنی خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سینٹرل پولیس آفس اسلام آباد آمد کے موقع پر انہیں چاق وچوبند دستے نے سلامی دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر افسران سے ان کا تعارف کروایا گیا اور ادارے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔نئے انسپکٹر جنرل پولیس نے ادارے کو مزید مضبوط اور عوام کی خدمت کے عزم کا اظہار کیا۔انسپکٹر جنرل آف پولیس رفعت مختار پولیسنگ کی فیلڈ میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔وہ پولیس سروس میں انتہائی اعلی ریکارڈ کے حامل پروفیشنل اور ایماندار پولیس افسر کے طور پر جانے جاتے ہیں۔

اپنے ابتدائی خطاب میں انسپکٹر جنرل پولیس رفعت مختار نے کہا کہ میری خوش نصیبی ہے کہ مجھے اس محکمہ کی کمانڈ عطا کی گئی جو نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں ایمانداری میں اپنا ایک مقام رکھتا ہے۔مسافروں کے محفوظ اور آرام دہ سفر کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔ افسران ہمیشہ خوش اخلاقی سے مسافروں کی بروقت خدمت کرتے رہیں اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں کیونکہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کو قومی اداروں میں ایک نمایاں مقام حاصل ہے۔ انہوں نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یادگاری شہدا پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہدا کی درجات کی بلند ی کیلئے خصوصی دعا کی۔