پاکستان اپنے اندرونی معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دے گا، عظمی بخاری

جمعرات 26 دسمبر 2024 17:35

پاکستان اپنے اندرونی معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دے گا، عظمی بخاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2024ء) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے اندرونی معاملات میں کسی کو مداخلت کی اجازت نہیں دے گا،تحریک انصاف ایک طرف مذاکرات کا ڈرامہ اور دوسری طرف سول نافرمانی کی تحریک کا ڈھنڈورا پیٹ رہی ہے،اوورسیز پاکستانیوں نے فتنہ پارٹی کی ملک دشمنی کو مسترد کر دیا ۔جمعرات کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ایک طرف مذاکرات کا ڈرامہ کھیل رہی ہے جبکہ دوسری طرف سول نافرمانی کی تحریک کا بھی ڈھنڈورا پیٹ رہی ہے،پی ٹی آ ئی کے سرکردہ شیر اور ٹائیگرز سوشل میڈیا پر اوورسیز پاکستانیوں کو ترسیلات زر نہ بھیجنے پر اکسا رہے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں نے فتنے اور فتنہ پارٹی کی ملک دشمنی کو مسترد کر دیا ہے، اوورسیز پاکستانیوں نے رواں سال ملکی تاریخ کے سب سے زیادہ ریکارڈ ترسیلات زر بھیجے ہیں۔

(جاری ہے)

عظمی بخاری نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے قیدی نے ڈیڑھ سال قوم کو بتایا میں امریکی غلامی سے آپکو آزاد کرائوں گا لیکن اب ایک مہینے سے امریکی لابی کو پاکستان میں مداخلت کرنے کی درخواستیں کر رہے ہیں،جنہوں نے امریکی غلامی سے آزادی حاصل کرنی تھی وہ اب امریکہ کو مداخلت کرنے کے لیے منتیں کر رہے ہیں، بانی پی ٹی آ ئی این آر او مانگنے کے لیے کسی کے بھی پا ئوں پکڑنے کے لیے تیار بیٹھا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ کئی بونے یہودی لابی کے اشاروں پر اپنے مہرے کو بچانے کیلئے سرگرم ہیں، زلفی بخاری،شہباز گل اور شہزاد اکبر جیسے غیرملکی ٹائوٹ اس مہم میں پیش پیش ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے،وزیراعظم محمدشہبازشریف نے امریکہ کو دوٹوک الفاظ میں ابسلوٹلی ناٹ کہہ دیا ہے۔