ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کے تحصیل سٹی کے مختلف مقامات کے دورے، صفائی اقدامات کا جائزہ لیا

منگل 24 دسمبر 2024 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 دسمبر2024ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے تحصیل سٹی کے مختلف مقامات کے دورے کیے۔ انہوں نے داتا دربار و اطراف میں تجاوزات، لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے تحت شفیق آباد، سبزہ زار و گلشن راوی میں صفائی اقدامات کا جائزہ لیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ داتا دربار کے اطراف میں46 کنال اراضی پر قابضین تجاوزات قائم کئے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ منظم پلان کے تحت ایکشن لیکر تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا،قابضین سے46 کنال اراضی چھڑوا کر داتا دربار کے احاطے میں شامل کی جائے گی۔ڈی سی لاہور نے کہا کہ داتا دربار کے اطراف میں گرین بیلٹس کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لئے جنگلے لگائے جائیں۔ڈی سی لاہور نے داتا دربار کے اطراف میں پارکنگ سٹینڈز کا بھی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

ڈی سی لاہور نے کہا کہ غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز ہرگز قائم نہ ہونے دئیے جائیں، پارکنگ سٹینڈز پر اوورچارجنگ کے معاملے پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے،اوورچارجنگ کی نشاندہی کی جائے اور سخت ایکشن لیا جائے۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ ٹریفک کے بہائو کو بہتر بنانے کے لئے سڑک کنارے پارکنگ کو ختم کروایا جائے۔ڈی سی لاہور سید موسی رضا نے کہا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے تحت یو سی 48 میں ایم سی ایل کی سکیم نمبر 05 شفیق آباد میں تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔

ڈی سی لاہور نے کہا کہ تعمیراتی کاموں کے معیار میں کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ڈی سی لاہور نے کہا کہ گلیوں کی پختگی اور خوبصورتی کے لئے منظور شدہ ٹف ٹائلز ڈیزائن ہی لگایا جائے۔ڈی سی لاہور سید موسی رضا نے سبزہ زار و گلشن راوی میں صفائی میکانزم کا بھی جائزہ لیا۔ڈی سی لاہور نے کہا کہ جامع حکمت عملی کے تحت صفائی میکانزم پر آپریشن جاری رکھا جائے۔

ڈی سی لاہور نے کہا کہ خانہ بدوشوں و جانوروں کے مستقل انخلا کے لئے پلانز مرتب کئے جائیں اور صفائی اقدامات کو برقرار رکھنے کے لئے تمام میسر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔سی او ایم سی ایل شاہد عباس کاٹھیا، اسسٹنٹ کمشنر سٹی، ڈپٹی سی او ایل ڈبلیو ایم سی و دیگر بھی ڈی سی لاہور کے ہمراہ تھے۔ڈی سی لاہور سید موسی رضا نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر تجاوزات و صفائی آپریشن جاری ہے۔