ق*سندھ اور پنجاب میں سماجی تحفظ کے اقدامات کو بہتر بنانے کے لیے اشتراک کا اعلان

)معاونِ خصوصی وزیرِ اعلیٰ سندھ، سرفراز راجڑ اور پی ایس پی اے کی نائب چیئرپرسن جہاں آرا منظور وٹو میں اہم ملاقات

پیر 23 دسمبر 2024 21:25

rکراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 دسمبر2024ء)معاونِ خصوصی وزیرِ اعلیٰ سندھ، سرفراز راجڑ اور پی ایس پی اے کی نائب چیئرپرسن جہاں آرا منظور وٹو میں اہم ملاقات ہو ئی جس میں سندھ اور پنجاب میں سماجی تحفظ کے اقدامات کو بہتر بنانے کے لیے اشتراک کا اعلان کیا گیا۔ معاونِ خصوصی وزیرِ اعلیٰ سندھ، سرفراز راجڑ نے کہا کہ ہم سندھ اور پنجاب میں سماجی تحفظ کے اقدامات کو بہتر بنانے کے لیے اشتراک کرنے جارہے ہیں،ابتدائی طور پر سماجی تحفظ کے حوالے سے بین الصوبائی سماجی تحفظ فورم قائم کیا جائے گا۔

انہوں نے دونوں حکومتوں کے مابین پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیااور کہا کہ مشترکہ کوششوں کا مقصد سماجی تحفظ کی خدمات میں بہتری لانا ہے اور بہترین عملی تجربات اور مہارتوں کا تبادلہ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

سرفراز راجڑ نے کہا کہ حکومت سندھ کے ممتا پروگرام پر کامیابی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور ممتا پروگرام 15 اضلاع میں 13 لاکھ ماؤں اور بچوں کی اعانت کر رہا ہے ۔

معاون خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ محکمہ سماجی تحفظ کی جانب سے ایک اور جامع پروگرام ’’بینظیر ایگریکلچر ورکر پروگرام‘‘ متعارف کیا جارہا ہے ،پروگرام میں زراعت کے شعبے سے وابستہ تمام خواتین کو سماجی تحفظ فراہم کیا جائے گا جبکہ خوراک کی قلت سے نبردآزما ہونے کیلئے ’’بھوک مٹاو پروگرام‘‘ پر بھی کام ہورہا ہے۔ پی ایس پی اے کی چیئرپرسن جہاں آرا وٹو نے سندھ کے سماجی تحفظ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اشتراک کا مقصد پسماندہ طبقے کو سماجی تحفظ فراہم کرنا ہے، پنجاب میں متعدد سوشل پروٹیکشن کے منصوبے عوامی فلاح کے لیے جاری ہیں، انہوں نے کہا کہ بین الصوبائی سماجی تحفظ فورم کا قیام پسماندہ طبقات کے لیے مشترکہ اقدامات کا آغاز ہے،پنجاب اور سندھ کو مل کر سماجی تحفظ کے لیے ایک مشترکہ لائحہ عمل بنانا چاہیے۔

جہاں آراء وٹو نے کہا کہ خیالات کے تبادلے اور مشترکہ تعاون سے پسماندہ افراد کی زندگیوں میں بہتری لائی جائے گی اور فورم میں تمام صوبوں کی شمولیت سماجی تحفظ کی خدمات کو وسعت دے گی ۔ پی ایس پی اے کی چیئرپرسن جہاں آرا وٹو نے نئی زندگی پروگرام کے تحت سندھ کے تیزاب گردی کے متاثرین کو پنجاب کے سات برن یونٹس میں مکمل مفت علاج کی سہولت فراہم کرنے کی پیشکش کی ۔انہوں نے مزید کہا کہ سماجی تحفظ کی کامیابی کا راز غیرسیاسی، غیرمذہبی اور غیر جانبدارانہ خدمات ہیں اور پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی بلا امتیاز پسماندہ طبقات کی خدمت میں پیش پیش ہے۔ #