Live Updates

پی ٹی آئی نے ان تمام لوگوں کے ساتھ ہاتھ ملایا جو پاکستان کی ریاست کے دشمن ہیں، احسن اقبال

تحریک انصاف نے امریکہ میں پاکستان کے خلاف لابنگ کی ہے، پاکستان کے میزائل پروگرام پر امریکی پابندیوں کا کریڈٹ پی ٹی آئی کو جاتا ہے، وفاقی وزیر کی گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 21 دسمبر 2024 11:07

پی ٹی آئی نے ان تمام لوگوں کے ساتھ ہاتھ ملایا جو پاکستان کی ریاست کے ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 دسمبر 2024)ؒوفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے ان تمام لوگوں کے ساتھ ہاتھ ملایا جو پاکستان کی ریاست کے دشمن ہیں،تحریک انصاف نے امریکہ میں پاکستان کے خلاف لابنگ کی ہے،پاکستان کے میزائل پروگرام پر امریکی پابندیوں کا کریڈٹ پی ٹی آئی کو جاتا ہے،جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا فرض ہے کہ پارلیمان میں آکر سیاست کرے۔

اڈیالہ جیل میں موجود شخص کا رویہ انتشار پر مبنی ہے، اصل چیز یہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی کیا چاہتے ہیں۔ حکومت کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام ہو، حکومت نے ہمیشہ کوشش کی کہ سیاسی درجہ حرارت کو کم رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان قابل احترام اور دیرینہ ساتھی ہیں، مدارس بل کے معاملے کوخوش اسلوبی کے ساتھ حل کرلیں گے۔

(جاری ہے)

26 ویں ترمیم پر اپوزیشن نے کہا کہ اتفاق رائے سے مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ ہم نے26 ویں ترمیم کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی بنائی، اتفاق رائے سے منظور کرائی۔گفتگو کے دوران وفاقی وزیر احسن اقبال کامزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف 190 ملین کیس کا فیصلہ آنے والا ہے، جو اوپن اینڈ شٹ کیس ہے۔کیا پی ٹی آئی اس وقت اپنے لئے کوئی این آر او حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

ان کے بانی کو سزاﺅں میں تخفیف ہو جائے یا حکومت ان کیسز کی پیروی سے پیچھے ہٹ جائے۔ حکومت کی ترجیح ہے کہ ملک میں امن و استحکام ہو ۔واضح رہے کہ گزشتہ روزقومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کیساتھ مذاکرات کیلئے ہمارے دروازے کھلے تھے۔ تحریک انصاف والے ہمارے پاس آئیں گے تو ہم مذاکرات کی بات کریں گے۔18ویں سپیکرز کانفرنس کے شرکاءکے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا تھاکہ کوئی آئے گا تو نہ نہیں کریں گے مگر لوگوں کو پکڑ کر نہیں کہہ سکتے کہ آئیں مذاکرات کراتے ہیں۔

ہمیں مذکرات کیلئے جس کی منت کرنی پڑی ہم منت کرنے کو تیار تھے۔ اپوزیشن اور حکومت کو ایک ٹیبل پر لانا میرا کام تھا۔ سب کی خواہش تھی کہ ڈائیلاگ ہونا چاہیے۔ اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنے کی خواہش تھی۔ہمارے چیمبر اور گھر سب کیلئے کھلے تھے۔ اگر انکی مرضی ہوگی تو ہم منع نہیں کرینگے۔ کمیٹی بنے گی تو راستے خود نکلتے چلے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تھا اختلاف رائے جمہوریت کا حسن تھا۔

لوگوں کے مسائل اور موسمیاتی تبدیلی پر کام کرنے کی ضرورت ہے، ہم چاہتے ہیں چارٹر ہو۔ پارلیمنٹ ضابطہ کے تحت چلے۔ پارلیمنٹ اخلاقیات کے تحت چلے۔ ہم نے دہشت گردی پر بات کی۔تمام سپیکرز، چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ تمام شرکا نے کانفرنس میں آئین و قانون کی بالادستی پر بات چیت کی تھی۔

عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات