بھرپور عزم کے ساتھ پولیو کو ملکی سرحدوں سے باہر نکال کر دم لیں گے، وزیر اعظم

والدین انسداد پولیو مہم میں ورکرز کے ساتھ تعاون یقینی بنائیں ،شہباز شریف کا تقریب سے خطاب

اتوار 15 دسمبر 2024 19:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2024ء)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمہ کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ والدین انسداد پولیو مہم میں ورکرز کے ساتھ تعاون یقینی بنائیں تاکہ ان بچوں کا مستقبل محفوظ ہو اور وہ توانا ہوکر ملک کے روشن مستقبل میں کردار کرسکیں۔ ہفتہ کو یہاں انسداد پولیو مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ پولیو کے خاتمہ کی مہم میں شراکت داری پر بل گیٹس فائونڈیشن، عالمی ادارہ صحت اور سعودی عرب سمیت عالمی اداروں کے مشکور ہیں، پاکستان سمیت دیگرممالک کی بھرپور معاونت کرنے پر سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر مختار برتھ اور عائشہ رضا فاروق کی نگرانی میں صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر پولیو کے خاتمہ کی یہ جنگ ہم جیتیں گے، ماضی میں مشکلات کی وجہ سے پاکستان میں پولیو کے 60 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو ہمارے لیے ایک چیلنج ، یہ ہمارا عزم ہے کہ پولیو کے مرض کو پاکستان سے ختم کرکے دم لیں گے، پاکستان بھر کے والدین سے یہ استدعا کرتے ہیں کہ وہ اس مہم میں مکمل تعاون کریں اوراپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر انہیں اس مرض سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے محفوظ کریں اور کروڑوں بچوں کے مستقبل کو توانا بنائیں تاکہ وہ پڑھ لکھ کر پاکستان کے بہترین معمار بنیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پولیو کی فیلڈ ٹیموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ عزم اور بہادری کے ساتھ پاکستان سے پولیو کے خاتمہ کیلئے شبانہ روز محنت کررہی ہیں، اس سلسلہ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھی ستائش کرتے ہیں کہ وہ شمالی وزیرستان سمیت خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے علاقوں سمیت جہاں جہاں سیکورٹی کے چیلنجز درپیش ہیں ، وہ بھرپور طور پر وہاں معاونت کر رہے ہیں، صوبائی حکومتوں کے بھی مشکور ہیں کہ وہ اس عظیم مقصد کیلئے پوری طرح یکسو ہیں اور وفاق کے ساتھ مل کر اس کا خاتمہ کرنے میں اپنی تمام توانائیاں صرف کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم دعاگو ہیں کہ اللہ پاک ہمیں ہمت دے اور ہماری فرض شناسی میں اضافہ کرے تاکہ ہم اس بار ملک سے پولیو کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ کرکے دم لیں۔کوآرڈینیٹر مختار برتھ نے کہا کہ ملک میں پولیو کی اس سال کی یہ آخری مہم ہے جس میں چار لاکھ سے زائد پولیو ورکرز 16 سے 19 دسمبر تک بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت کی روشنی میں واٹر اور سینی ٹیشن، نیوٹریشن پر اپنے پارٹنرز اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر جامع حکمت عملی بنائی جارہی ہے، اس سے بھی پولیوکے خاتمہ میں مدد ملے گی۔

انسداد پولیو پروگرام کی فوکل پرسن سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ آج سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم رواں سال کی آخری مہم ہے، اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کووالدین پولیو کے قطرے ضرور پلائیں اور اپنے بچوں کو پولیو سے بچائیں، یہ پولیو مہم ملک کے 143 اضلاع کا احاطہ کرے گی، مہم کے دوران چار لاکھ سے زائد پولیو ورکرز گھر گھر جاکر بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائیں گے۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیوکے قطرے پلا کر رواں سال کی آخری انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا، یہ پولیو مہم 19 دسمبر تک جاری رہے گی۔