پولیو کا انسداد ایک بہت بڑا چیلنج ہے، وائرس کا خاتمہ کرکے دم لیں گے، شہبازشریف

اتوار 15 دسمبر 2024 17:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2024ء)وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پولیو کا انسداد ایک بہت بڑا چیلنج ہے، وائرس کا خاتمہ کرکے دم لیں گے، اس بار پولیو کے مرض کو پاکستان کی سرحدوں سے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے باہر نکالیں گے۔انسداد پولیو مہم سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیو کے خلاف تعاون پر عالمی شراکت داروں کے شکر گزار ہیں۔

انہوںنے کہاکہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ ملکر پولیو کے خلاف جنگ جیتیں گے، پاکستان بھر میں پولیو کے 60 کیسز آنا تشویش کی بات ہے، وائرس کا انسداد ایک بہت بڑا چیلنج ہے، ہماری کوشش ہے کہ اس بار پولیو کے مرض کو پاکستان کی سرحدوں سے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے باہر نکالیں۔شہباز شریف نے کہا کہ بچوں کے والدین اس مہم میں پوری طرح ہماری رہنمائی فرمائیں اور اپنے بچوں کو قطرے پلا کر پولیو کے اس مرض سے ان کے مستقبل کو محفوظ کریں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے تمام صوبوں میں کام کرنے والی پولیو ٹیمز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ورکرز کی ستائش کرتے ہیں اور ان کی بہادری کو سراہتے ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی سراہتا ہوں کہ جہاں سیکیورٹی کے چیلنجز ہیں بھرپور طریقے سے ہماری مدد کررہے ہیں۔شہباز شریف نے پولیو کے خلاف مہم میں کردار ادا کرنے پر سعودی عرب، بل گیٹس فاؤنڈیشن اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کا بھی شکریہ ادا کیا، وزیراعظم نے اس موقع پر بچوں کو پولیو کے قطرے بھی پلائے۔