داتا دربار توسیعی منصوبے کیلئے اراضی کی فراہمی وانکروچڈ وقف لینڈ کیلئے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیوکی زیر صدارت اجلاس

ہفتہ 14 دسمبر 2024 19:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2024ء) داتا دربار توسیعی منصوبے کیلئے اراضی کی فراہمی وانکروچڈوقف لینڈ کے حصول کیلئے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید کی زیرِ صدارت ہفتہ کے روز یہاں ہجویر ی ہال داتادربار میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضابخاری، کمشنر لاہور زید بن مقصود، ڈپٹی کمشنر سید موسی رضا، اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) بابر علی سمیت دیگر شخصیات و نمائندگان نے شرکت کی۔

ترجمان کے مطابق اس موقع پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹری اوقاف اور کمشنر لاہور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گولڈن گیٹ کی سمت 17کنال وقف لینڈ کو خالی کروانے کے لیے جامع حکمت عملی تشکیل دے دی گئی ہے،داتا دربار بر صغیر کا سب سے بڑا دینی اور روحانی مرکز ہے، اس کی توسیع سے زائر ین کو سہولت ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ گیٹ نمبر4کی طرف لینڈ ایکوزیشن کے لیے رقبہ 5کنال 15مرلے کا فائنل ایوارڈ جلد جاری کرنے ساتھ گولڈن گیٹ کی طرف 4کنال4مرلے کی لینڈ ایکوزیشن کے لیے مطلوبہ رقم لینڈ ایکوزیشن کلکٹر کو جلد ارسال کی جائے گی، مزید برآں ساڑھے نو کنال لینڈ ایکوزیشن کے حوالے سے امور کی تکمیل بھی جلد ہوگی۔

اجلاس میں داتادربارایڈمنسٹریشن اورنیسپاک نے داتا دربار توسیعی منصوبے پر بریفنگ دی۔اجلاس میں اوقاف، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن، لینڈ ایکوزیشن کلکٹر، مدینہ فائونڈیشن، اسٹیٹ ونگ اوقاف، نیسپاک اوردیگراداروں کے نمائندگان جس میں ڈائریکٹر پراجیکٹس اوقاف رفیق نور وٹو، گروپ ایڈوائزر مدینہ فائونڈیش محمد اسلم ترین، جی ایم نیسپاک عادل نذیر،خطیب داتا دربار مفتی محمد رمضان سیالوی، میسرزانجم حفیظ کے ڈائریکٹر محمد شہزاد، ایڈ منسٹریٹر اوقاف داتا دربار شاہد حمید ورک اورایکسیئن اوقاف رانا زوہیب، قیصر منیر،منیجرزاوقاف داتا دربار شیخ محمد جمیل،طاہر مقصود و دیگر نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ اس عظیم ترقیاتی پراجیکٹ"ماسٹر پلاننگ و ڈویلپمنٹ داتا دربار کمپلیکس بشمول ٹریفک مینجمنٹ پراجیکٹ آف بھاٹی چوک" کی تعمیر سے مزار شریف کاٹوٹل رقبہ 58 کنال سے بڑھ کر 85 کنال ہوجائیگا۔اسی طرح مسجد و گیلری کا ایریا 16160مربع فٹ سے بڑھ کر 25265 مربع فٹ،صحن 120000 مربع فٹ سے بڑھ کر 135390 فٹ، برآمدہ و داخلی راستہ 45000 مربع فٹ سے بڑھ کر 66701 مربع فٹ اور ٹوٹل کورڈ ایریا51163مربع فٹ سے بڑھ کر 65810 ہوجائے گا، مزید براں اس پراجیکٹ میں جامعہ ہجویریہ داتا دربار کی تعمیر نو اور طلبہ کا ہاسٹل بھی شامل ہے، جس میں آڈیٹوریم، لائبریری، کلاس رومز، ڈائننگ ہال، کچن وغیرہ تعمیر ہوں گے، جس کے بعد مدرسہ جامعہ ہجویریہ 24700مربع فٹ سے بڑھ کر 28680 مربع فٹ ہوجائے گا۔

اسی طرح داتا دربار پولیس اسٹیشن 8084 مربع سے بڑھ کر 10000 مربع فٹ، اوقاف دفاتر 16753 مربع فٹ سے بڑھ کر 17550 مربع فٹ،مرکزی دربار 4650 مربع فٹ،ایڈ من بلاک 6417 مربع فٹ، مرکزی ایوان 3200 مربع فٹ اورشو ریکس کا ایریا 3600 مربع فٹ تک پہنچ جا ئے گا۔مسجد و گیلری میں زائرین کی تعداد میں 1600 سے 2600، صحن میں 10000 سے 11335،برآمدہ و داخلی کے زائرین میں 3750 سے 5560، مردانہ لنگر خانے میں 570 سے 1070،سماع ہال میں 2735 سے 3780 تک اضافہ اورپارکنگ میں گاڑیاں پارک کرنے کی تعداد 260 سے بڑھ کر 340تک ہوجائے گی۔

منصوبے میں دفتر وزیر اوقاف، دفترزونل ایڈ منسٹریٹر اوقاف داتا دربار، خطیب داتا دربار آفس،دفتر چیئرمین امور مذہبیہ کمیٹی،لنگرہال، اعتکاف ہال، ایگزیکٹو دفاتر، دفتر شعبہ اکائونٹس، دفتر منیجر اوقاف، چائلڈ پروٹیکشن آفس،داتا دربار ایس ڈی او دفاترز اور سٹاف آفسز کی تعمیرات بھی عمل میں آئیں گی۔