ڑ*کے ایم یو کے زیر اہتمام کے پی نرسز کے دوسرے بیج کی ٹریننگ کی تکمیل

ژ*کورس کے 70 شرکا میں تقسیم ِ اسناد کی تقریب کاانعقاد ،شرکا کااظہار خیال ں* مشکلات کے باوجود صوبائی حکومت صحت اور تعلیم کو خصوصی اہمیت دے رہی ہی:مشیر صحت

جمعہ 6 دسمبر 2024 19:15

ا*پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2024ء) خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو ) پشاور میں آر پی ایس چیسٹر یونیورسٹی برطانیہ کے اشتراک سیخیبر پختونخوا (کے پی) کی نرسز کے دوسرے بیچ کی پانچ ہفتوں پر مشتمل تربیت مکمل ہو گئی۔ کورس کے 70 شرکا میں تقسیم ِ اسناد کی تقریب کاانعقاد کے ایم یو کے سینیٹ ہال میں ہوا جس کے مہمان خصوصی مشیر صحت برائے وزیر اعلی احتشام علی تھے ۔

یہ منصوبہ نرسز کو جدید مہارتوں اور علم سے آراستہ کرنے کے مقصد سے ترتیب دیا گیا ہے تاکہ وہ اکیسویں صدی کے صحت کے تقاضوں کو پورا کر سکیں۔ ڈاکٹر اعجاز حسین ڈائریکٹر آر پی ایس چیسٹر یونیورسٹی برطانیہ نے اپنی افتتاحی گفتگو میں نرسنگ کے معیار کو بلند کرنے میں عالمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کے پی کے نامساعد حالات کے باوجود پچھلے دو ڈھائی ماہ کے دوران برطانوی جامعات کے سولہ ماہرین پشاور میں اپنے قیام کے دوران کے پی کی نرسز کو اعلی معیار کی ٹریننگ کامیابی سے دے چکے ہیں جو صوبائی حکومت بالخصوص وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور مشیر صحت احتشام علی کی صوبے میں صحت کی بہترین سہولیات کو یقینی بنانے کے عزم کااظہار ہے۔

وائس چانسلر کے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق نے کہاکہ یہ منصوبہ کے پی کی نرسز کو پیشہ ورانہ مہارت میں اضافے کے مواقع فراہم کرتا ہے اور صحت کے شعبے کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ڈاکٹرز کو اکثر مہارت میں اضافے کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں وہیں نرسز ان مواقع سے محروم رہ جاتی ہیں لہذا اس پروگرام کے تحت 500 سے زائد نرسز کو تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ انہیں جدید صحت کی دیکھ بھال کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔

پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق نے نرسز کے لیے ان کے گھر کی دہلیز پر برطانوی معیار کی تربیت فراہم کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا "کے ایم یو صوبے کی واحد یونیورسٹی ہے جو صحت کے تمام شعبوں میں تعلیم اور تحقیق کے مواقع فراہم کر رہی ہی"۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی مشیر صحت احتشام علی نے صحت اور تعلیم کو صوبائی حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشکل مالی حالات کے باوجود موجودہ حکومت ان دو شعبوں کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک انہوں نے وزیر اعلی کے سامنے صحت سے متعلق جو بھی منصوبہ پیش کیا ہے انہوں نے اس کی تکمیل میں ہر ممکن تعاون فراہم کیاہے۔احتشام علی نے کے ایم یو کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا "اس پروگرام کے تحت تربیت حاصل کرنے والے افراد ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں۔ وہ اس صوبے میں اپنی خدمات کے ذریعے اس مٹی کا قرض چکا سکتے ہیں۔ یہ تربیت نہ صرف ان کی مہارتوں میں نکھار پیدا کرے گی بلکہ صحت کی بہترین سہولتوں کی فراہمی میں بھی معاون ثابت ہوگی"۔

انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام نرسز کی پیشہ ورانہ ترقی کے لیے ایک اہم قدم ہے جو صوبے کے صحت کے نظام کے لیے روشن مستقبل کی ضمانت فراہم کرے گا۔ تقریب سے ڈاکٹر محمد سلیم ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز کے پی ، ہیلتھ سیکٹر ریفارمز یونٹ (ایچ ایس آر یو) کے سربراہ ڈاکٹر خلیل الرحمان اور ڈائریکٹر کے ایم یوآئی این ایس ڈاکٹر نجمہ ناز اور ڈائریکٹر نرسنگ کے پی اختر بانو نے بھی اس پروگرام کے انقلابی اثرات کو اجاگر کیا۔آخر میں مہمان خصوصی نے کورس کی کامیاب تکمیل پر شرکا میں اسناد تقسیم کیں۔#