سعودی عرب کا عظیم کردار بطور انسانیت کی علامت اس کا مقام بلند کر رہا ہے ، بل گیٹس

بدھ 20 نومبر 2024 15:21

سعودی عرب کا عظیم کردار بطور انسانیت کی علامت اس کا مقام بلند کر رہا ..
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2024ء) مائیکروسوفٹ کمپنی کے شریک بانی بل گیٹس نے کہاہے کہ عالمی سطح پر سعودی عرب جو عظیم کردار ادا کر رہا ہے وہ انسانیت کی علامت کی حیثیت سے مملکت کا مقام مضبوط بنا رہا ہے اور بین الاقوامی میدان میں اس کے قائدانہ کردار کا عکاس ہے۔ اس کردار میں صحت کے سیکٹر کی سپورٹ اور بچوں کے لیے انسداد پولیو فنڈ جیسے عالمی منصوبوں کے لیے رقوم کی فراہمی شامل ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق اسی سلسلے میں بل گیٹس نے سعودی عرب کی مِسک فائونڈیشن اور بل ملنڈا فائونڈیشن کے درمیان تزویراتی شراکت داری کی تاسیس کا اعلان کیا۔ یہ اقدام مملکت اور خطے میں غیر منافع بخش سیکٹر میں نوجوانوں کی شرکت مضبوط بنائے گا۔ بل گیٹس نے یہ اعلان مِسک عالمی فورم کی سرگرمیوں میں شرکت کے دوران میں کیا۔

(جاری ہے)

مذکورہ تزویراتی شراکت داری کا مقصد نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تا کہ وہ تعلیم اور شہریت کے عالمی معاملات میں جدت پر مبنی حل پیش کریں۔

بل گیٹس نے نوجوانوں کی سپورٹ اور انھیں با اختیار بنانے کے حوالے سے سعودی عرب کے قائدانہ کردار کو بھی سراہا۔ انھوں نے مِسک عالمی فورم 2024 منصوبے کا خصوصی ذکر کیا جو نوجوانوں کی مہارتوں کو ترقی دینے اور ان میں جدت کی روح اجاگر کرنے سے متعلق ہے۔