جاپان میں سیلف ڈرائیونگ ڈیلیوری روبوٹس کی آزمائش

جمعرات 7 نومبر 2024 08:40

ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 نومبر2024ء) جاپان کا روزمرہ اشیائے ضروریہ کا چین سٹور سیون الیون ٹوکیو میں پبلک شاہراؤں پر خودکار ڈرائیونگ کے ذریعے سامان کی ترسیل کرنے والی روبوٹ کارٹس کی آزمائش کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ این ایچ کے کے مطابق ٹوکیو میں پبلک شاہراؤں پر خودکار ڈرائیونگ کے ذریعے سامان کی ترسیل کرنے والی روبوٹ کارٹس سروس کی مالک کمپنی سیون اینڈ آئی ہولڈنگز رواں ماہ مغربی ٹوکیو کے دو اسٹوروں پر آزمائشی بنیادوں پر سروس شروع کرنے کے لیے پولیس سے منظوری کی منتظر ہے۔

سامان کی ترسیل کرنے والی یہ کارٹس تقریباً 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرتی ہیں اور راستہ معلوم کرنے اور ٹریفک لائٹس کا پتہ چلانے کے لیے سینسرز استعمال کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

کارٹس سے سامان نکالنے کے لیے گاہک سمارٹ فون کی ایک ایپ کے ذریعے انہیں کھول سکتے ہیں۔کمپنی کے مطابق سروس کے بارے میں صارفین کے تاثرات کی بنیاد پر اس روبوٹ سروس کو دیگر شعبوں میں استعمال کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

سیون الیون جاپان کے مینیجر، ناگاؤ ہِیرویُوکی نے کہا ہے کہ ہم خریداری کے لیے جانے میں دشواری محسوس کرنے والے صارفین کو آسان اور پرکشش خدمات مہیا کرنا چاہتے ہیں۔ سیون اینڈ آئی 2025 کے موسم بہار میں ملک بھر میں ترسیل کی خدمات کو توسیع دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔ واضح رہے کہ یہ سروس سٹوروں پر جانے سے قاصر معمر اور دیگر افراد کے لیے ہو گی۔