امیر جماعت اسلامی سکھر زبیر حفیظ شیخ کا ٹریفک مسائل پر اظہار تشویش

بدھ 23 اکتوبر 2024 19:15

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2024ء) امیر جماعت اسلامی سکھر زبیر حفیظ شیخ کا ٹریفک مسائل پر اظہار تشویش،عملی اقدامات اٹھائے جائیں، تاکہ شہریوں کو ٹریفک جام کی اذیت سے نجات مل سکے جاری کردہ بیان میں اظہار خیال۔تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سکھر زبیر حفیظ شیخ نے شہر میں جاری ٹریفک جام کے مسئلے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ سکھر شہر میں ٹریفک جام کا مسئلہ بدستور برقرار ہے، جس کا کوئی مؤثر حل تاحال نہیں نکالا جا سکا، اسکولوں کی چھٹی کے دوران ٹریفک کی صورتحال بہت خراب ہے گرلز ڈگری کالج، ماڈرن اسکول، حسینی روڈ، اسٹیشن روڈ پر شدید ٹریفک جام روز کا معمول ہے، روزمرہ کی زندگی میں ٹریفک جام ایک سنگین مسئلہ بنا ہوا ہے، زبیر حفیظ شیخ نے مزید کہا کہ شہر کے سرکاری و نجی ہسپتالوں کے باہر ٹریفک جام بھی روزمرہ کا معمول بن چکا ہے، گاڑیوں سے نکلنے والے دوںہے کی وجہ سے مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اس سے بیماریاں بڑھنے کا بھی خدشہ ہے، ہسپتالوں کے باہر لگائی جانے والی غیر قانونی پارکنگ سائٹس بھی ہسپتال کے باہر ٹریفک جام کا سبب بن رہی ہیں، انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ اس مسئلے کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں، تاکہ شہریوں کو ٹریفک جام کی اذیت سے نجات مل سکے، ان کا مزید کہنا تھا کہ شہر میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے حکومتی سطح پر سنجیدہ کوششوں کی اشد ضرورت ہے، کیونکہ یہ مسئلہ روز بروز بگڑتا جا رہا ہے اور شہریوں کی زندگیوں پر منفی اثرات مرتب کر رہا ہے۔