سکھر :جماعتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی

پیر 7 اکتوبر 2024 22:44

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2024ء) جماعتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام ملک بھر کی طرح سکھر میں بھی فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ضلع سکھر کی جانب سے عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی قاسم پارک سے سکھر پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی ، ان ریلیوں کا مقصد فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کرنا اور عالمی برادری کو فلسطینی عوام کے حق میں عملی اقدامات کرنے کی یاد دہانی کرانا تھا۔

ریلی میں جماعتِ اسلامی کے قائدین، کارکنان، سول سوسائٹی مختلف اسکولز کے طلبہ و اساتذہ کے نمائندگان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکائ نے فلسطین کے جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت اور فلسطینی عوام کے حقوق کے حق میں نعرے درج تھے،امیرِ جماعتِ اسلامی سکھر زبیر حفیظ شیخ، جماعت اسلامی کے صوبائی رہنما مولانہ حزب اللہ جکھرو، شعبہ خواتین کی رہنما آئشہ ظہیر،عظمہ وحید، سمینہ شوکت نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

اسرائیل کی غیر انسانی جارحیت اور فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر اسرائیل کے خلاف اقدامات کرے اور فلسطینی عوام کے حقوق کا تحفظ کرے۔ریلی کے شرکائ نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کی ریاستی دہشتگردی کا نوٹس لیں ریلی کے اختتام پر ایک قرارداد بھی پیش کی گئی جس میں حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ عالمی فورمز پر فلسطین کے مسئلے کو بھرپور انداز میں اٴْٹھائے اور فلسطینی عوام پر ہونے والے ظلم اور بربریت کو روکیں۔