سندھ ہائی کورٹ، این اے 241 پر پیپلز پارٹی کی کامیابی کے خلاف الیکشن پٹیشن مسترد کرنے کی درخواست پر مرزا اختیار بیگ کے اعتراضات مسترد

پیر 16 ستمبر 2024 18:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2024ء) سندھ ہائی کورٹ نے این اے 241 پر پیپلز پارٹی کے امیدوار کی کامیابی کے خلاف الیکشن پٹیشن مسترد کرنے کی درخواست پر مرزا اختیار بیگ کے اعتراضات کو مسترد کردیئے۔پیر کو سندھ ہائی کورٹ میں این اے 241 پر پیپلز پارٹی کے کامیاب امیدوار کی کامیابی کے خلاف الیکشن پٹیشن مسترد کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی ۔

الیکشن ٹریبونل نے پیپلز پارٹی کے امیدوار مرزا اختیار بیگ کی الیکشن پٹیشن مسترد کرنے کی درخواست پر فیصلہ سنادیا۔الیکشن ٹریبونل نے کامیاب امیدوار مرزا اختیار بیگ کے اعتراضات کو مسترد کردیا۔الیکشن ٹریبونل نے مرزا اختیار بیگ کے خلاف دائر الیکشن پٹیشن قابل سماعت قرار دے دی۔وکیل مرزا اختیار بیگ نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ مرزا اختیار بیگ کا کیس کرپٹ اینڈ غیر قانونی پریکٹس میں نہیں آتا۔

(جاری ہے)

وکیل خرم شیر زمان نے موقف اختیار کرتے ہوئے بتایا کہ مرزا اختیار بیگ دوہری شہریت کے حامل ہیں۔فارم 45 کے مطابق خرم شیر زمان بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے ہیں۔بعد میں فارم 45 میں جعل سازی کرکے مرزا اختیار بیگ کو کامیابی دلوائی گئی۔الیکشن ٹریبونل نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ خرم شیر زمان کے الزامات سے متعلق تفصیلی دلائل کی ضرورت ہے۔لہذا مرزا اختیار بیگ کے کسی بھی اعتراض کی روشنی میں الیکشن پٹیشن مسترد نہیں کی جاسکتی ۔خرم شیر زمان نے این اے 241 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار مرزا اختیار بیگ کی کامیابی کو چیلنج کر رکھا ہے۔