چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی سے جاپانی سفیر کی ملاقات

جمعرات 29 اگست 2024 23:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2024ء) چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی سے پاکستان میں مٹسوہیرو واڈا نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔جمعرات کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیئرمین سینٹ نے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جاپان مستحکم معاشی ملک ہے اور پاکستان جاپان کے ساتھ مختلف شعبوں بشمول توانائی، صحت، صنعت و پیداوار میں تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے 2022 کے سیلاب کے دوران جاپان کی حکومت کی جانب سے دی جانے والی امداد پر شکریہ بھی ادا کیا۔ پاکستان اور جاپان کے درمیان پارلیمانی و سفارتی تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط تر ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے دونوں ملکوں کی عوام کو ایک دوسرے کے قریب اور تعلقات کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے پارلیمانی و عوامی وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے کی اشد ضرورت ہے ۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور جاپان نے معاشی تعلقات کے فروغ کے لئے کئی دو طرفہ اداراجاتی میکنزم قائم کئے ہوئے ہیں۔ ان میکنزمز کے تحت باقاعدگی سے روابط اور دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لینے میں اور نظر ثانی سے سرمایہ کاری، سیاحت اور پارلیمانی وفود کے تبادلوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے مابین صرف  1.27 بلین ڈالر کی باہمی تجارت ہوتی ہے اور متعدد پاکستانی کمپنیاں جاپان کے ہم منصبوں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں پر کام کرنا چاہتی ہیں۔

 چیئرمین سینٹ نے کہا کہ پاکستان جاپان انٹرنیشنل کواپریشن ایجنسی( جے ائی سی اے )کے پاکستان کے ساتھ ترقیاتی تعاون کو بھی ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ جاپان کی کمپنیاں پاکستان میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کے موجود مواقعوں سے مستفید ہوں۔ چیئرمین سینٹ نے ملاقات میں افغان مہاجرین کی واپسی کا معاملہ بھی اٹھایا ۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان ہجرت کر کے انے والے افغان مہاجرین کے وطن واپسی ایک اہم مسئلہ ہے اور اس سلسلے میں جاپان بھی اپنا کردار ادا کرے تاکہ افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے عمل کو مزید تیز کیا جا سکے ۔

عوامی سطح پرروابط کے استحکام کا ذکر کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے جاپان کی سفیر کو بتایا کہ ایوان بالا میں پاکستان جاپان دوستی گروپ قائم ہو چکا ہے جو پارلیمانی روابط اور دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔  چئیرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ یہ حوصلہ افزا ہے کہ دونوں ملکوں نے 2019 میں ٹیکنیکل انٹرن ٹریننگ پروگرام( ٹی ائی ٹی پی )اور مخصوص ہنر مند ورکرز (ایس ایس ڈبلیو) پروگراموں پر تعاون کے معاہدے کیے ہیں . چیئرمین سینٹ نے کہا کہ جاپان میں مقیم 25 ہزار پاکستانی جاپان کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں جاپان میں ہماری کمیونٹی گاڑیوں ،کالین کی تجارت اور حلال خوراک برامد کرنےکے کاروبار سے منسلک ہے۔