قومی اسمبلی کی ہائوس بزنس ایڈوائزری کمیٹی نے 9 ویں سیشن کے شیڈول اور ایجنڈے کی منظوری دیدی

پیر 26 اگست 2024 21:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اگست2024ء) قومی اسمبلی کی ہائوس بزنس ایڈوائزری کمیٹی نے 9 ویں سیشن کے شیڈول اور ایجنڈے کی منظوری دیدی ہے جس کے مطابق رواں سیشن دو ہفتے تک جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے جبکہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آئندہ ہفتے طلب کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ پیر کو اجلاس سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا جس میں ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفی شاہ، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، ممبران قومی اسمبلی سید نوید قمر ، شیخ آفتاب احمد ، شہلا رضا، طارق فضل چوہدری، اعجاز حسین جاکھرانی، نزہت صادق، خالد حسین مگسی، نور عالم خان، شگفتہ جمانی، گوہر علی خان، ملک عامر ڈوگر، سید امین الحق، علی محمد خان ، زرتاج گل اور سید حفیظ الدین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں طے پایا کہ قومی اسمبلی کا رواں سیشن تک جاری رکھا جائے گا تاہم ضرورت پڑنے پر اس میں ردوبدل کیا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ مشترکہ اجلاس میں کوئی آئینی ترمیم نہیں ہو سکتی، اس حوالے سے تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔ اجلاس میں ختم نبوت سے متعلقہ کیس کے حوالے سے پارلیمان، علماء اور دیگر کے کردار کی تعریف کی گئی۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔