قومی کمیشن برائے وقار نسواں کے زیر اہتمام خواتین کی صحت سے متعلق چار روزہ قومی کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی

جمعہ 28 جون 2024 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2024ء) قومی کمیشن برائے وقار نسواں (این سی ایس ڈبلیو) کے زیراہتمام خواتین کی صحت سے متعلق چار روزہ قومی کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی ۔کانفرنس کے چوتھے روز ”تعلیم ، سب خواتین اور بچیوں کے لیے “ کے عنوان سے سیر حاصل گفتگو ہوئی ۔اس موقع پر حکومت پاکستان کے تعلیمی ایمرجنسی کے اعلان کے مطابق پورے پاکستان میں خواتین اور لڑکیوں کو درپیش تعلیمی مسائل اور چیلنجز کو دور کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

چیئرپرسن این سی ایس ڈبلیو نیلوفر بختیار نے جامع اور مساوی تعلیم کی اہم ضرورت کو اجاگر کیا۔ سیکرٹری وزارت تعلیم محی الدین وانی نے پاکستان میں خواتین اور لڑکیوں کے تعلیمی منظرنامے کو بڑھانے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں صوبائی وزارتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ یونیسیف کی ڈپٹی کنٹری نمائندہ ڈاکٹر انوسا کبور اور برٹش کونسل کے کنٹری ڈائریکٹر جیمز ہیمپسن نے تعلیم کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

محمد یحییٰ، اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر اور دیگر مہمانوں نے خواتین اور لڑکیوں کے لیے تعلیمی مواقع کو آگے بڑھانے کے لیے خیالات کا اظہار کیا۔اس موقع پر معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے خصوصی شرکت اور پاکستان کی خواتین کی تعلیم کے سفیر رہنے کا عہد کیا اور کہاکہ رویوں میں مثبت تبدیلی لاناضروری ہے ۔