عام انتخابات میں عوامی مینڈیٹ کو طاقت اور پیسے کے ذریعے سے بلڈوز کیا گیا،جماعت اسلامی سندھ

یہ ملک وقوم کی بدقسمتی ہے کہ ہر نئی آنے والی حکومت پہلے والی سے زیادہ بدتر ہوتی ہے، جعلی مینڈیٹ کی بنیاد پر بننے والی حکومت سے خیر کی توقعات رکھنا ہی فضول ہے جماعت اسلامی کی قیادت آئندہ انتخابات میں بھی اپنے جھنڈے اور نشان پر حصہ لینے پر یکسو ہے،محمد حسین محنتی

پیر 4 مارچ 2024 00:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2024ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں عوامی مینڈیٹ کو طاقت اور پیسے کے ذریعے سے بلڈوز کیا گیا،دھاندلی زدہ انتخابات اور مینڈیٹ کی چوری کے واقعات پر الیکشن کمیشن کی بے بسی اور طاقتوروں کی چوری وسینہ زروی نے پوری قوم کے سامنے ان کو بے نقاب کرکے رکھ دیا ہے،پہلے پولنگ اسٹیشن پر قضبہ اور اب نتائج تبدیل کئے جاتے ہیں،الیکشن کمیشن کے باقی رہنے کا اب کوئی جواز نہیں رہا ہے،ملک کو انارکی وانتشارسے بچانے کیلئے ضروری ہے کہ عدالتی تحقیقاتی کمیشن بناکر حقداروں کو حق دیا جائے،جماعت اسلامی کی قیادت آئندہ انتخابات میں بھی اپنے جھنڈے اور نشان پر حصہ لینے پر یکسو ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء ٓڈیٹوریم میں ضلعی امراء کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا جس میں کراچی تا کشمور سندھ بھر سے ضلعی ذمہ داران شریک تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں انتخابی دھاندلی اور آئندہ کی حکمت عملی سمیت دیگر دعوتی وتنظیمی امور پر غور کیا گیا۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ یہ ملک وقوم کی بدقسمتی ہے کہ ہر نئی آنے والی حکومت پہلے والی سے زیادہ بدتر ہوتی ہے جعلی مینڈیٹ کی بنیاد پر بننے والی حکومت سے خیر کی توقعات رکھنا ہی فضول ہے،سامراجی قوتوں اور ان کے مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کی غلامی اختیار کرنے کی وجہ سے آدھا بجٹ سودی قرضوں کی واپسی اور باقی بجٹ عوام کی فلاح وبہبود کی بجائے آئی ایم ایف کے غلام حکمرانوں کی عیاشیوںوکرپشن کی نظر ہوجاتا ہے ،اس لئے جماعت اسلامی کی مخلص دیانتدار قیادت ہی غلامی سے نجات اور حالات بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے،سابق میئر کراچی عبدالستار افغانی،نعمت اللہ خان اور سراج الحق کاکردار وکارکردگی پوری قوم کے سامنے ہے۔

اجلاس مین پی ایس 91کراچی سے نومنتخب رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق فرحان کو اجلاس میں خوش آمدیداور سندھ کاروایتی تحفہ اجرک پیش کیا گیا جبکہ مرحومین کیلئے دعائے مغفرت اور بیماروں کی جلد ومکمل صحتیابی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔