حالیہ انتخابات سلیکشن، بدترین تاریخی دھاندلی کی مذمت کرتے ہیں، یونس سایانی

ہفتہ 10 فروری 2024 22:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 فروری2024ء) پاکستان مسلم لیگ کونسل کے سنیئر نائب صدر و کراچی سے حلقہ این اے 242 کے امیدوار محمد یونس سایانی اور محب قومی سماجی کونسل پاکستان کے چیئرمین و محب وطن سماجی رہنما محمد اسلم خان فاروقی نے جنرل الیکشن 2024 میں بدترین تاریخی دھاندلی میں ملوث چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سکندر سلطان راجا سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے وہ صوبائی الیکشن کمیشن سندھ کے سامنے الیکشن کمیشن کی حالیہ عام انتخابات میں بدترین تاریخی دھاندلی کے خلاف احتجاج کررہے تھے انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر نے خود کو کتنے میں بیچا قوم کو بتائیں اور قوم سے خود کو بیچنے پر معافی مانگیں اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ باشعور عوام بدترین تاریخی دھاندلی زدہ الیکشن کو تسلیم نہیں کرے گی یونس سایانی نے کہا کہ حالیہ عام انتخابات جو الیکشن نہیں بلکہ سلیکشن تھے وہ اس کی اور اس میں ہونے والی بدترین تاریخی دھاندلی کی شدید مذمت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ ان کے حلقے این اے 242 سمیت نہ صرف کراچی بلکہ پورے ملک میں انتخابی نتائج میں دھاندلی کی گئی ہے جس پر ان کی جماعت مسلم لیگ کونسل سراپا احتجاج ہے اسلم خان فاروقی نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کی توہین ناقابل برداشت ہے وہ ان تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ کھڑے ہیں جن کے ساتھ عام انتخابات میں ظلم و زیادتی کی گئی ہے انہوں نے یہ بھی کہا کہ اب وقت آگیا کہ سیاسی جماعتیں ملکر عام انتخابات میں بدترین تاریخی دھاندلی اور بنیادی حقوق کی پامالی پر سخت ردعمل دیں اور عوام کے چرائے گئے مینڈیٹ کو حاصل کرنے کے لئے بھرپور میدان میں نکلیں۔