ہماری کامیابیوں کو ناکامیوں میں بدلنے والے اللہ کے عذاب سے ڈریں ،توفیق الدین صدیقی

جمعرات 25 جنوری 2024 23:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2024ء) جماعت اسلامی کے امید وار توفیق الدین صدیقی نے عمران جیلانی کی رہائش گاہ پر سوداگران ہائوسنگ سوسائٹی، گلشنِ قادری، گلشنِ غزالی، شاہ فیصل کالونی، ماڈل کالونی، گلستانِ رفیع ، رفاہِ عام اورالفلا ح سوسائٹی و دیگر بستیوں کے معززین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تضادات، خاندانی اور سیاسی نفرتیں ملکی استحکام اور عوام پر گہری ضربیں لگاتی ہیں انہوں نے کہا کہ کراچی شہر کی ممتاز سماجی شخصیات عبدالستار افغانی، نعمت اللہ خان جنہوں نے اپنی میئر شپ کی دورِ حکومت میں بلا رنگ ونسل کراچی کے مسائل حل کیئے اور کروائے ۔

بالکل اسی پیٹرن پر جماعتِ اسلامی کے بلدیاتی اور صوبائی و قومی اسمبلیز کے ممبران بھی کام کرنے کو اپنی زندگی کا سرمایہ افتخار سمجھتے ہیں۔

(جاری ہے)

توفیق الدین صدیقی نے کہا کہ بابائے کراچی عبدالستار افغانی لیاری میں تادمِ زیست 80گز کے فلیٹ میں رہائش پذیر رہے اور اس مجاہدِ قوم و ملت کے جسمِ اطہر کو اسی مکان کی دہلیز سے اٹھا کر اس دارِ فانی روانہ کیا گیا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم اور ہمارا منشور اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ ہم لوگوں کی نفرتوں اور عداوتوں کو اپنے انصاف کے ترازو میں تولیں پھر ان سے مسائل کے حل کی بات کریںبلکہ ہم تو آتشِ نمرود میں چھلانگ لگا کر اس رب رحمٰن کے فیصلوں کے منتظر رہتے ہیں کیونکہ اسی ربِ ذوالجلال کے فیصلے روزِازل سے ہورہے ہیں اور روزِ ابد تک ہوتے رہیں گے۔ توفیق الدین صدیقی نے کہا کہ ہماری کامیابیوں کو ناکامیوں میں بدلنے والے اللہ کے عذاب سے ڈریں انشاء اللہ بہت جلد ہماری کامیابی کے فیصلے کا اعلان ہونے والا ہے۔

پسماندہ علاقوں سے آئے ہوئے کثیر تعداد میں معززین علاقہ جات کو خطاب کرتے ہوئے کمانڈر(ر )محمد اقبال نے کہا کہ ہمیشہ سچائی کا بول بالا ہوا کرتا ہے اور جھوٹ فریب اور خاندانی سیاست خاک آلود ہ ہوجایا کرتی ہے میں اور میری ٹیم کے ممبران جماعتِ اسلامی کے نمائندوں کی سچائی اور کام کرنے کی کارکردگی کو سلام پیش کرتے ہیں اس موقع پر سوسائٹی کی محلہ ایکشن کمیٹی کے چیئر مین حامد حقانی نے کہا کہ اب پاکستان کی سیاست سیاسی بازی گروں، سرمایہ داروں اور وڈیروں کے ہاتھوں سے نکل چکی ہے ان کے گھر کے افراد انہیں ووٹ کا حق دینے کے حق میں نہیں ہیں۔

کیونکہ حکومتِ سندھ نے سیلاب زدہ علاقوں کے مکینوں میں پانی چھوڑ کر انہیں تباہ کردیا اور سیلاب زدگان کے نام سے ان کو 500کا نوٹ دیکر ان کی داد رسی کی ہے ۔ یہ سندھ کی عوام کے ساتھ کھلا مذاق ہے جو ان کی عوام کو اب تک یاد ہے۔حامد حقانی نے مزید کہا کہ ہم اگر واقعی اسلامی جمہوریہ پاکستان میں حقیقی اسلامی جمہوریت کا پرچم بلندکرنا چاہتے ہیں تو ہمیں اپنے خاندانی اور پرانے شاخسانوں کو بالائے طاق رکھ کر اسلامی ذہنیت رکھنے والے امیدواروں کا ساتھ دینا ہوگا۔