حافظ نعیم کراچی کے مسئلے سے پہلے جماعت اسلامی کی فاش غلطیوں پر نظر ڈالیں، ترجمان میئرکراچی

بدھ 24 جنوری 2024 23:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2024ء) میئر کراچی کے ترجمان برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی نے کہا ہے کہ حافظ نعیم کراچی کے مسئلے سے پہلے جماعت اسلامی کی فاش غلطیوں پر نظر ڈالیں، کبھی حافظ نعیم اختیارات کا رونا روتے ہیں اور کبھی کراچی کی آبادی کی گنتی کا رونا روتے ہیں، کبھی بجلی ،کبھی گیس ،کبھی پانی نہ ہونے کا رونا روتے ہیں، 1979 ء میں جماعت اسلامی کے میئر عبدالستار افغانی بنے تو ان کی موجودگی میں مردم شماری ہوئی، اس شہر کے ساتھ اس وقت بھی گنتی کے معاملے میں ناانصافی کی گئی اور اس دور سے کراچی میں کلاشنکوف اور لسانیت کا دور عروج پر پہنچا، یہ تحفے کراچی کو جماعت اسلامی کی طرف سے دیئے گئے ، اس وقت بھی مینڈیٹ کا رونا رونے والی جماعت اسلامی نے پاکستان پیپلزپارٹی کے مینڈیٹ پر شب خون مارا اور ایک ووٹ کے فرق سے کراچی کا میئر بنا دیا گیا، میرے خیال میں ان کا رونا ان کی جماعت کی سابقہ کارکردگی کا شاخسانہ ہے لیکن اب وہ پاکستان پیپلزپارٹی کے نوجوان میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی کارکردگی سے گھبرا کر فارغ العقل بیانات دے رہے ہیں، جب ان کو کوئی ایشو نظر نہیں آتا تو وہ لسانیت کی بات کرتے ہیں، ہم چیلنج کرتے ہیں حافظ نعیم الرحمان کو وہ جماعت اسلامی کے دو دفعہ کے میئر عبدالستار افغانی اور نعمت اللہ خان کے دور کے کارنامے کراچی کی عوام کو بتائیں اور اس پر پریس کانفرنس کریں تو اس پر سیاسی طور پر کراچی کی عوام کو بہتر لگے گا،بجلی ، گیس، پانی کا رونا وفاق کے خلاف کریں تو بہتر ہوگا، حافظ نعیم الرحمان کو پیپلزپارٹی فوبیا ہوگیا ہے اور پیپلزپارٹی کو نشانے پر لیا ہوا ہے ، بہتر ہوگا کہ متعلقہ اداروں کو نشانے پر لیں تو یہ بہتر سیاسی انداز ہوگا، اس وقت کراچی کے 25 ٹائونز میں سے 9 ٹائونز میں جماعت اسلامی کے چیئرمینز ہیں لیکن ان کی کارکردگی صفر ہے پورے شہر میں ہر طرف پیپلزپارٹی کے میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور ٹائون چیئرمین اور یوسی چیئرمین ، گلی گلی اور محلے محلے میں کام کر رہے ہیں اور ایک نیا ابھرتا ہوا کراچی نظر آرہا ہے، یہ کراچی کی ترقی کا منہ بولتا ثبوت ہے، پیپلز پارٹی اس شہر کے عوام کی ترقی چاہتی ہے اور ایسے غیرسیاسی رویے سے گھبرا کر کہیں جانے والی نہیں ہے بلکہ کراچی شہر کو روزبروز ترقی کے سفر پر گامزن کرے گی اور یہ وژن چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ہے جس پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور ان کے ساتھی عمل پیرا ہیں۔