Live Updates

’نوازشریف ماضی کی غلطیاں نہ دوہرائیں، بیساکھیوں والی حکومت لولی لنگڑی سے بدترہوگی‘

یہ جونیجو، شوکت عزیزاور کاکڑجیسے وزیراعظم ہوں گے، طاقتور کی سیاست اصولی نہیں بلکہ وصولی کی نابالغ سیاست ہے، ڈیموکریسی میں لوٹا کریسی کی گنجائش نہیں۔ جے یو آئی ف کے رہنماء حافظ حمداللہ کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 16 جنوری 2024 11:53

’نوازشریف ماضی کی غلطیاں نہ دوہرائیں، بیساکھیوں والی حکومت لولی لنگڑی ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 جنوری 2024ء ) جمعیت علماء اسلام ف کے رہنماء حافظ حمداللہ نے مسلم لیگ ن کے قائد کو مشورہ دیا ہے کہ نوازشریف ماضی کی غلطیاں نہ دوہرائیں کیوں کہ بیساکھیوں والی حکومت لولی لنگڑی سے بدترہوگی۔ اے آر وائی نیوز سے منسلک صحافی نعیم اشرف بٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو احترام کے ساتھ کہتا ہوں طاقتور کی سیاست اصولی نہیں بلکہ وصولی کی نابالغ سیاست ہے، اس لیے نوازشریف ماضی کی غلطیاں نہ دوہرائیں کیوں کہ جس نے طاقتور کی سیاست کی ہے اسے مار بھی وہیں سے پڑی ہے اور ویسے بھی بیساکھیوں والی حکومت لولی لنگڑی سے بھی بدترہوگی۔

حافظ حمد اللہ نے کہا کہ ڈیموکریسی میں لوٹا کریسی کی گنجائش نہیں، جس جنرل باجوہ کی عمران خان خان تعریف کرتا تھا اسی کو بعد میں میر جعفر کہا اور عمران خان نے مانا کہ مجھے یہاں سے مار پڑی تو پھردیکھیں ایسی لوٹوں والی حکومت کا انجام برا ہے، یہ جونیجو، شوکت عزیزاور کاکڑجیسے وزیراعظم ہوں گے اور کب تک نوازشریف یہ برداشت کریں گے کہ نام دستخط میرا ہو اور حکم کسی اورکا چلے، اس کا انجام خوفناک ہوگا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد محمد نوازشریف سے نیشنل پارٹی کے وفد نے ملاقات کی، نیشنل پارٹی کے چھ رکنی وفد کی قیادت پارٹی صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کی، ملاقات میں سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف بھی شریک ہوئے، پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدر جعفر خان مندوخیل، سردار ایاز صادق ، مریم اورنگزیب بھی ملاقات میں موجود تھیں، نیشنل پارٹی کے وفد میں میر کبیر، سردار کامل، جان محمد، طاہر بزنجو اور ایوب ملک شامل تھے۔

بتایا گیا ہے کہ اس موقع پر ن لیگ کے قائد محمد نوازشریف نے مرحوم میر حاصل خان بزنجو کی ملک وقوم اور جمہوریت کے لئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا، عبدالمالک بلوچ نے مقدمات سے بریت پر نوازشریف کو مبارک پیش کی، ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور 8 فروری کو عام انتخابات کے حوالے سے سیاسی تعاون پر تبادلہ خیال ہوا، عبدالمالک بلوچ نے ملک بالخصوص بلوچستان کی ترقی کے لئے قائد نوازشریف کے وژن اور کاوشوں کو بھی سراہا، ملاقات میں دونوں جماعتوں کے قائدین نے پاکستان کے لئے مل کر چلنے اور سیاسی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات