الیکشن کے اعلان کے بعد الیکشن کمیشن اور نگران حکومت کی زمہ داری بڑھ گئی ہے،سید ذیشان اختر

منگل 28 نومبر 2023 20:34

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 نومبر2023ء) نائب امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب و امیدوار پی پی 254 سید ذیشان اختر نے کہا ہے کہ الیکشن کے اعلان کے بعد الیکشن کمیشن اور نگران حکومت کی زمہ داری بڑھ گئی ہے۔ اس لیے الیکشن کمیشن اور نگران حکومت انتخابات کو شفاف بنانے کے اقدامات کرے۔سید ذیشان اختر جماعت اسلامی خواتین ونگ کی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔

جماعت اسلامی کسی بھی غیر آئینی اقدام کی حمایت نہیں کرے گی۔ کچھ ادارے پھر سے ایک سیاسی جماعت کیلئے راستہ ہموار کررہے ہیں۔ اور ایک پارٹی کو دیوار کے ساتھ لگایا جا رہا ہے۔ ایسی صورت میں ہونے والے انتخابات کو کوئی بھی قبول نہیں کرے گا۔ موجودہ اور سابقہ حکمران پارٹیز کا اس وقت لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطالبہ الیکشن کمیشن پر سوالیہ نشان ہے۔

(جاری ہے)

ہمارے امیدوار ہر قسم کی کرپشن اور لوٹ مار سے مبرّا ہیں۔ ہمارے مخالفین رسہ گیری، کرپشن اور لوٹ مار کی علامت ہیں۔ عوام اب ان کے چہروں اور کردار کو پہچان چکے ہیں۔ اور کسی بھی طرح ان کے چکروں میں نہیں آئیں گے۔ جماعت اسلامی اس مرتبہ انتخابات میں واضح کامیابی حاصل کرے گی۔ اب نگران حکومت اور الیکشن کمیشن بروقت انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے بھرپور کوشش کرے اور عوام میں پائی جانے والی بے چینی کو ختم کرنے کی کوشش کرے۔

اجلاس سے امیر شہر و امیدوارپی پی 253 نصراللہ ناصر نے کہا کہ پاکستان کو حکمرانوں کی کرپشن نے تباہ اور اسے 77ہزار ارب کا مقروض کیا، حکمران قرضوں کا حساب دیں، روزانہ اربوں کی کرپشن ہوتی ہے، جماعت اسلامی کرپٹ افراد کے احتساب کو یقینی بنائے گی، خواہ وہ کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو۔ہر نوجوان اس اسلامی فلاحی پاکستان کے مقصد کے حصول کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد کا حصہ بنے جس کی خاطر اسلامیان برصغیر نے لاکھوں کی تعداد میں جانوں کے نذرانے پیش کیے۔

قوم قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ، سودی معیشت کے خاتمے، ملک کو ترقی وخوشحالی دینے کے لیے الیکشن میں جماعت اسلامی کو ووٹ دے۔اجلاس میں امیدوار این اے 168 ملک کامران ،ضلعی جنرل سیکرٹری عرفان انجم ،عبدالجلیل ہاشمی،ملک عبدالحئی و دیگر نے بھی شرکت کی ۔