امریکا میں گوانتانامو کے قیدیوں کی رہائی کے لیے مظاہرہ

جمعرات 9 مارچ 2023 14:40

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مارچ2023ء) امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں کانگریس کی عمارت کے سامنے گوانتامو بے ، کیوبا کے حراستی مرکز میں بند قیدیوں کی رہائی کے لیے ایک مظاہرہ کیا گیا ۔مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ گوانتانامو قید خانہ بند کیا جائے اورقیدیوں کو رہا کیا جائے ۔امریکی نشریاتی ادارے کے میری لینڈ سے اس مظاہرے میں شرکت کے لئے آئے انسانی ہمدردی کی تنظیموں ویٹنس اگینسٹ ٹارچر اور کلوز گوانتانامو کے ترجمان سٹیفن لین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم گوانتانامو میں قید افراد کے لیے کام کررہے ہیں، ان میں سے کچھ بغیر کوئی جرم عائد کیےکئی دہائیوں سے قید ہیں جو کہ غیر قانونی ہےاور آئین کے مطابق نہیں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گوانتانامو بے قید خانے میں اس وقت صرف 32 قیدی ہیں جن میں سے 18 کو رہائی کے لیے کلیئر کر دیا گیا ہے اور امریکی حکومت کا دعویٰ ہے کہ وہ ان 18 افراد کی رہائی کو یقینی بنانے کے لیے سخت محنت کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گوانتانامو قید خانے کو11 ستمبر 2001 کے حملوں کے بعد اس وقت کے صدر جارج ڈبلیو بش نے 2002 میں گوانتانامو بے، کیوبا میں امریکی نیول بیس پر قائم کیا تھا دنیا کے مختلف ملکوں سے دہشت گردی کےخلاف جنگ میں دہشت گردی کےشبے میں تقریباً 780 قیدیوں کو وہاں لایا گیاوقت کے ساتھ ساتھ کچھ قیدی رہا ہو گئے کچھ دوران قید مر گئے اب32 باقی ہیں جن میں سے 11 پر فوجی کمیشن کے نظام میں جنگی جرائم کے الزامات لگائے گئے ہیں10 مقدمے سماعت کے منتظر ہیں اور1 کو سزا سنائی گئی ہے اس کے علاوہ3 قیدیوں کو غیر معینہ مدت کے لیے جنگ کے دوران حراست میں رکھا گیا ہے اور انہیں نہ تو ٹریبونل الزامات کا سامنا ہے اور نہ ہی رہائی کے لیے سفارش کی جا رہی ہےاور 18 کو حفاظتی انتظامات کے ساتھ دوسرے ملک منتقل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

سابق صدر براک اوباما گوانتانامو قید خانے کو بند کرنا چاہتے تھے اپنے دور میں انہوں نے کافی قیدیوں کو یا تو رہا کیا یا تیسرے ملک منتقل کر دیا ہے تاہم رپبلکن سیاستدان گوانتاکو بند کرنے کے خلاف ہیں۔گوانتانامو سے قیدیوں کی رہائی اور اسے بند کرنے کی مہم چلانے والوں میں گوانتانامو نیٹ ورک ،مختلف ایمنسٹی انٹرنیشنل گروپس، کلوز گوانتانامو، گوانتانامو جسٹس مہم اور لندن گوانتانامو کیمپین شامل ہیں۔