صوبہ ہزارہ کا قیام ضروری ہے، بابا حیدر زمان کے خواب کی تعبیر تک جدوجہد جاری رہے گی۔ سردار گوہر زمان

پیر 14 اکتوبر 2019 19:25

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2019ء) چیئرمین تحریک صوبہ ہزار سردار گوہر زمان نے کہا ہے کہ صوبہ ہزارہ کاز کیلئے ملکر جدوجہد کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، ایبٹ آباد سے قومی اسمبلی کے دونوں منتخب ارکان نے صوبہ کی تحریک کیلئے آواز اٹھا ہزارہ کے عوام کی بھرپور ترجمانی کی ہے۔

(جاری ہے)

یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اہلیان ہزارہ کو اپنے ایک ہی مقصد صوبہ ہزارہ کیلئے متحد ہونا پڑے گا، صوبہ ہزارہ کا قیام آسان نہیں تاہم مسلسل محنت اور جدوجہد کے ذریعہ ہی اس مشن کو کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکتا ہے، ہمارے منتخب نمائندوں کو اس سلسلہ میں دیگر جماعتوں کے منتخب اراکین سے بھی رابطہ کر کے انہیں تحریک صوبہ ہزارہ کیلئے حمایت حاصل کرنے پر قائل کرنا ہو گا، ہم امید کرتے ہیں کہ جملہ ممبران ہزارہ بھی اپنی قیادت کو اس کیلئے تیار کریں گے اور اس تحریک کو اپنے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ ہزارہ اہلیان ہزارہ کیلئے بے حد ضروری ہے، تحریک صوبہ ہزارہ بابا حیدر زمان مرحوم کے صوبہ ہزارہ کے خواب کیلئے ہر جگہ اور ہر مقام پر اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔